خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے24 دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج 24 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد تنظیم فتنہ الخوارج کے 24 ارکان مارے گئے۔
ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 خوارج ہلاک ہوئے۔
اسی طرح، ضلع خیبر میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مزید 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
لکی مروت میں نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن دھماکا خیز مواد سے اُڑا دی
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد عناصر کے خلاف سرچ آپریشنز جاری ہیں، اور کلیئرنس آپریشنز کا مقصد باقی ماندہ دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق انسداد دہشتگردی کی مہم عزمِ استحکام کے تحت جاری ہے، اور بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف فورسز کا فیصلہ کن کریک ڈاؤن بلا توقف جاری ہے۔
