خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسزکی کارروائیاں،34 دہشتگردہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 34 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حالیہ دنوں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کردی ہیں۔24 فروری کو خیبرپختونخوا میں 4 مقابلوں میں 26 خوارج ہلاک ہوئے، یہ خوارج بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے وابستہ تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق حسن خیل شمالی وزیرستان کے قریب سرحد پار دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، سکیورٹی فورسز نے درانداز گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، درست اور مہارت سے کی گئی کارروائی میں ایک خوارج ہلاک ہوا، ہلاک خوارج کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 خوارج مارے گئے، بنوں کے علاقے نرمی خیل میں دوجھڑپوں کے دوران 10 خوارج ہلاک ہوئے، میرعلی شمالی وزیرستان میں 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سبمبازہ ژوب بلوچستان میں جھڑپ کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
