ایم کیو ایم کے وزراء سے سکیورٹی واپس نہیں لی : وزیر اطلاعات سندھ

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے وزراء اور رہنماؤں سے سکیورٹی واپس نہیں لی گئی اور اس حوالے سے پھیلایا جانے والا تاثر بےبنیاد ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کاکہنا تھاکہ کیا ایم کیو ایم کے وزراء نے وفاق میں سکیورٹی لےکر جانی تھی؟وفاقی وزراء اسلام آباد میں ایک ایک سپاہی کے ساتھ گھومتے ہیں جب کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے وزراء کو دس،دس سپاہی فراہم کیے گئے ہیں۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہوچکی ہے اور عوام نے اس جماعت کو مسترد کردیا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا سانحہ گل پلازہ سے متعلق کہنا تھا کہ جس گھر میں افسوس کا ماحول ہوتا ہے لوگ وہاں تعزیت کےلیے آتے ہیں،پروپیگنڈا کرنے نہیں،آج سے شہداء اور متاثرین کے گھروں میں چیکس خود پہنچائے جارہے ہیں اور جو لوگ پروپیگنڈا کررہے ہیں ان کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کرتےہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کی انکوائری رپورٹ بہت جلد آجائے گی اور اگر رپورٹ سے اطمینان نہ ہوا تو جوڈیشل کمیشن بھی بنایا جاسکتا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے دعویٰ کیا تھاکہ انہوں نے کسی عمارت کی اجازت نہیں دی اور دستخط دکھانے کا مطالبہ کیا تھا،جس پر حکومت نے ان کے دستخط پیش کردیے،فاروق ستار نے بطور میئر بڑےبڑے کارنامے انجام دیے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ یہ ایک بہت بڑا سانحہ تھا اور شہداء کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ اس واقعے کےبعد مسلسل اجلاس کررہے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ فائر آڈٹ کے ساتھ ساتھ عمارات میں آتشزدگی سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لینے کےلیے ایک مؤثر میکنزم بنایا جارہا ہے۔بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی،فائر آڈیٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز پر مشتمل کمیٹیاں صوبےبھر میں عمارات کا معائنہ کریں گی۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے واضح کیاکہ حکومت کسی کو نقصان نہیں پہنچارہی بلکہ تاجروں کے جان و مال کا تحفظ کررہی ہے۔یہ واقعہ صرف کراچی یا سندھ ہی نہیں بلکہ پورے ملک کےلیے ایک وارننگ ثابت ہوا ہے،خاص طور پر پرانےشہروں میں جہاں اس طرح کے حفاظتی نظام موجود نہیں۔

Back to top button