سینیٹ:ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں،الاؤنسز سے متعلق ترمیمی بل منظور
سینیٹ کے اجلاس کے دوران اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اور الاؤنسز سے متعلق ترمیمی بل 2025 منظور کرلیا گیا۔
سینیٹر دنیش کمار نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں اورالائونسز سےمتعلق ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا، اس دوران وفاقی وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نےبل کی مخالفت نہیں کی۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ بل کی منظوری پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے، قومی اسمبلی نے حال ہی میں ہائوس فنانس کمیٹی کو تنخواہوں اور الائونسزسےمتعلق اختیار دیا۔
وزیرقانون نے کہا کہ سینیٹ میں بھی ہائوس فنانس کمیٹی کو تنخواہوں اورالائونسز سے متعلق اختیار دیا جارہا ہے، دونوں ایوانوں میں اب یکساں پالیسی ہوگی، اس لیےمخالفت نہیں کی۔
اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں اورالاؤنسز سے متعلق ترمیمی بل2025 کا مقصد پارلیمنٹ کو اپنے اراکین کے مالی معاملات سےمتعلق خود مختار بناناہے۔
بل کے متن کے مطابق سینیٹ ہاؤس فنانس کمیٹی اراکین کےمالی معاملات کا جائزہ لے گی،ارکان کے مالی معاملات میں پارلیمنٹ بااختیار ہوگی۔
اجلاس کے دوران دیت سے متعلق سینیٹرثمینہ ممتاز زہری کا بل قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے سپرد کردیا گیا۔
وزیرقانون نے کہا کہ دیت کی کم سےکم حد متعین ہے لیکن زیادہ سے زیادہ دیت کی حد مقرر نہیں، راضی نامے کی صورت میں دیت طےکرنےکاحق ورثا اورمتاثرہ شخص کے پاس ہے۔ورثاء دیت کی رقم پچاس کروڑ اور ایک ارب بھی مانگ سکتےہیں،عدالت نےطےکرناہےکہ کتنی دیئت آرڈر کرنی ہے۔
سینیٹر محسن عزیز کا اسلام آبادصحت عامہ انضباط ترمیمی بل2025 متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے ہمارے سینیٹرز نہ ہونے کا ہمیں ایوان میں نقصان ہے ، ایک سال ہوگیا ہے خیبرپختونخوا میں سینٹ کا انتخاب نہیں ہوا۔
سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹرعبدالقادر کادستور ترمیمی بل2025 بھی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
اجلاس کے دوران قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل2024 سینیٹ سے منظور کرلیا گیا۔
قومی اسمبلی پہلےہی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل2024 کی منظوری دے چکی ہے،بل سینیٹرز محسن عزیز کی جانب سے پیش کیا گیا۔