سینیٹ سے تولیدی صحت کو نصاب کا حصہ بنانے کا بل منظور

سینیٹ نے تولیدی صحت کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے سے متعلق بل منظور کر لیا ہے۔
بل کے تحت 14 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کے نصاب میں تولیدی صحت سے متعلق تعلیم متعارف کرائی جائے گی۔ تولیدی صحت کی تعلیم میں جسمانی، ذہنی اور سماجی بہبود سے متعلق آگاہی شامل ہوگی۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ تولیدی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی تعلیم دینے سے قبل والدین کی تحریری اجازت لازمی ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ نصابی کتب کی تیاری کے دوران متعلقہ اتھارٹی طلبہ کی عمر اور ذہنی سطح کو مدنظر رکھتے ہوئے تولیدی صحت سے متعلق مواد شامل کرے گی۔
