سینیٹ ضمنی انتخاب: مشال یوسفزئی خیبر پختونخوا سے بھاری اکثریت سے کامیاب

خیبر پختونخوا اسمبلی میں ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشال یوسفزئی کامیاب قرار پائیں۔
کے پی اسمبلی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مشال یوسفزئی نے 86 ووٹ حاصل کیے، جس کے بعد ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا فارم 58 جاری کردیا۔
آزاد امیدوار مہتاب ظفر، جنہیں اپوزیشن کی حمایت حاصل تھی، 53 ووٹ لے سکے، جبکہ تیسری امیدوار صائمہ خالد کو صرف ایک ووٹ ملا۔
اس نشست پر آزاد امیدواروں مشال یوسفزئی، مہتاب ظفر اور صائمہ خالد کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مشال یوسفزئی کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی جبکہ اپوزیشن نے مہتاب ظفر کو مشترکہ امیدوار کے طور پر میدان میں اتارا تھا۔
جے یو آئی (ف) کی شازیہ اور مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد نے پہلے ہی انتخابی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا تھا۔
پولنگ سے قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن لیڈر عباد اللہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں اپوزیشن لیڈر نے کسی امیدوار کو دستبردار کرانے سے معذرت کی۔
