سینیٹ انتخابات : رہنما پی ٹی آئی مشال یوسفزئی پارٹی ٹکٹ کےلیے سرگرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشال یوسفزئی خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیے متحرک ہوگئی ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے بھی فون پر رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشال یوسفزئی نے پارٹی ٹکٹ کے سلسلے میں پارٹی قیادت سے رابطے شروع کردیے ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے فون پر گفتگو بھی کی ہے۔
مشال یوسفزئی کا مؤقف ہےکہ انہیں عمران خان کی جانب سے سینیٹ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت ملی ہے۔
مشال یوسفزئی کے بقول یہ پیغام اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی سے ان کے اہل خانہ کی ملاقات کے دوران انہیں پہنچایا گیا۔
ذرائع کے مطابق فون کال پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے مشال یوسفزئی سے کہا کہ وہ کاغذات نامزدگی جمع کرا دیں، بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ مشال یوسفزئی نے پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں، بشمول عاطف خان، سے بھی سینیٹ ٹکٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، تاہم اس حوالے سے انہوں نے کوئی باضابطہ بیان دینے سے گریز کیا ہے۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ انہیں عمران خان کی طرف سے کسی مخصوص فرد کو براہ راست ٹکٹ دینے کی کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔ بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی کہ مشال یوسفزئی نے ان سے رابطہ کیا ہے اور معاملے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ڈاکٹرز کا شبلی فراز کی اوپن ہارٹ سرجری کرنے پر غور
یادرہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہوں گے، جن میں سینیٹ کی 11 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔
