سینیٹ: اسرائیل، بھارت گٹھ جوڑ کیخلاف قرارداد منظور

سینیٹ آف پاکستن نے اسرائیل اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے خلاف قرارداد منظور کر لی، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم بیجمن نیتن یاہو کے مسلم ممالک سے متعلق بیان کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد کے مطابق نیتن یاہو نے بھارت اور دیگر ممالک پر مشتمل ایک علاقائی اتحاد بنانے کا عندیہ دیا تھا، جسے ایوان نے اشتعال انگیز قرار دیا۔
یہ قرارداد سینیٹر پلوشہ خان کی جانب سے پیش کی گئی۔ متن میں کہا گیا کہ اسرائیلی قیادت کے بیانات عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور اسلامی ممالک کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی۔
اسرائیلی وزیراعظم کادورہ بھارت تیسری بار منسوخ
ایوان نے اسرائیلی قیادت کے ممکنہ علاقائی اتحاد کے بیان کو مسلم اُمہ کے اتحاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اسرائیل کا طرزِ عمل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر سے متصادم ہے۔
سینیٹ نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی ہر کوشش کو مسترد کیا اور مغربی کنارے میں آبادکاری کے پھیلاؤ کی مذمت کی۔ ساتھ ہی اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقوں سے فوری انخلا کرے اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائے۔
پہلگام حملہ بھارتی را اور اسرائیلی موساد کی واردات نکلا
ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا۔
