سینیٹر پلوشہ خان نےعبدالعلیم خان کیخلاف تحریک استحقاق جمع کرادی

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نےوزیر مواصلات عبدالعلیم خان کیخلاف سینیٹ کی کمیٹی میں تحریک استحقاق جمع کرادی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کمیونیکیشنز کی سینٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سینیٹر پلوشہ خان اور وزیر عبدالعلیم خان کے درمیان روڈ پروجیکٹ سے متعلق سوال پر شدید تلخ کلامی ہوئی تھی۔

پلوشہ خان نے الزام لگایا کہ عبدالعلیم خان نے پارلیمانی سوال کے جواب پر ذاتی حملے کیے۔

عبدالعلیم خان نے جواباً کہا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ ویسا ہی سلوک کریں گے جیسا ہمارے ساتھ کیا جاتا ہے۔ تاہم آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پلوشہ خان نے اس رویے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ ذاتی معاملہ نہیں بلکہ پارلیمان کی اجتماعی وقار کا سوال ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہم اس رویے کو برداشت کریں اور آواز نہ اٹھائیں تو یہ جلد معمول بن جائے گا۔

پلوشہ خان نے کہا کہ چند ماہ قبل انہوں نے پارلیمانی حقوق کے تحت ایک تحریری سوال جمع کروایا تھا لیکن متعلقہ حکام نے جواب نہیں دیا جس کی وجہ سے سوال کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل کیا گیا۔

سینیٹر پلوشہ خان نے بتایا کہ انہوں نے قومی شاہراہوں کے ادارے کی ایک سڑک پر سوال اٹھایا جو ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے بنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کے استعمال پر سوال اٹھانا قانون سازوں کا بنیادی فرض ہے۔

پلوشہ خان نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ پارٹی کبھی بھی پارلیمنٹیرینز کے وقار اور قانون سازوں کے جمہوری حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

 

Back to top button