کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں منسوخ

کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی متعدد پروازیں منسوخ جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر فلائی ناس کی کراچی سے جدہ اور جدہ سے کراچی آنے جانے والی دو طرفہ پرواز منسوخ کر دی گئی۔ اسی طرح گلف ایئر کی کراچی سے بحرین کی دو طرفہ پرواز بھی آپریٹ نہ ہو سکی۔ ایئرسیال کی کراچی سے لاہور، سیالکوٹ اور اسلام آباد کی مجموعی طور پر آٹھ دو طرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

اسی دوران فلائی ادیل کی کراچی سے ریاض کی دو طرفہ دو پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ ایئربلو کی کراچی اور لاہور کے درمیان دو طرفہ دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایتھوپین ایئر کی کراچی سے ادیس ابابا کی دو طرفہ دو پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے اور آنے والی پروازیں پی کے 306 اور 307 بھی آپریٹ نہ ہو سکیں۔ اس کے علاوہ ایئرایشیا کی کراچی سے کوالالمپور کی دو طرفہ دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ پر شدید دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک پروازوں کی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی۔ نجف، ابوظہبی اور کراچی کی آمدورفت کی تین پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ جدہ جانے والی پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی تین پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے دبئی، ابوظہبی، شارجہ اور کراچی جانے اور آنے والی نجی و غیر ملکی ایئرلائنز کی چھ پروازیں دو سے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔

ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنی پروازوں کے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق متعلقہ ایئرلائنز سے ضرور کریں۔

Back to top button