کویتی فضائی دفاع کی فائرنگ سے 3 امریکی لڑاکا طیارے تباہ،سینٹکام کی تصدیق

کویت کے فضائی دفاعی نظام نے غلطی سے امریکی فضائیہ کے 3 ایف-15 ای اسٹرائیک ایگل طیاروں کو نشانہ بنا دیا۔ سینٹکام نے تصدیق کردی ۔
سینٹکام کے بیان کے مطابق تین F-15E اسٹرائیک ایگل طیارے غلطی سے مار گرائے گئے۔
ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ تینوں طیاروں میں سوار تمام 6 اہلکار بحفاظت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر لیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کویت نے اس واقعے کو تسلیم کر لیا ہے اور جاری آپریشن کے دوران کویتی دفاعی افواج کے تعاون اور کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق واقعے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات دستیاب ہوں گی انہیں جاری کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملکی حدودکی خلاف ورزی پر امریکی ایف15لڑاکا طیارہ ایرانی فضائی دفاع نے مارگرایا، امریکی لڑاکاطیارہ کویت میں گرکرتباہ ہوا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں امریکا کی علی السلیم بیس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قبل ازیں روسی میڈیا نے کویت میں امریکی لڑاکا طیارہ ایف 15 گر کر تباہ ہونے کا بتایا تھا، طیارے کا پائلٹ ایجکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں گرتے ہوئے ایف 15 طیارے سے آگ کے شعلے نکلتے بھی دیکھے گئے تھے۔
روسی میڈیا کا کہنا تھا کہ ایف 15 لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
