خلیجی ممالک میں شدید طوفان کی آمد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

خلیجی خطے میں ایک شدید طوفان کی آمد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے، جس کے پیش نظر ماہرین موسمیات نے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں شدید موسمی حالات کی وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں تیز بارش، زبردست آندھی اور گرد آلود ہوائیں متوقع ہیں، اور ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے کے آخر تک مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حدِ نظر متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں سمندری لہریں بھی خطرناک حد تک بلند ہو سکتی ہیں، کچھ مقامات پر یہ 2.5 میٹر سے تجاوز کر سکتی ہیں، جس سے ساحلی علاقوں میں خطرات بڑھ گئے ہیں۔
امارات میں بھی طوفانی بارشوں کی وجہ سے شہری تشویش کا شکار ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر لوگ احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں، جیسے ریت کی بوریاں جمع کرنا اور پلاسٹک شیٹس سے گھروں کی حفاظت کرنا۔
ادھر اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ شدید بارش کے دوران گھروں میں نماز ادا کریں۔ مساجد کے آئمہ کرام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اذان کے بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں تاکہ لوگ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں۔
مزید ہدایت میں کہا گیا ہے کہ جہاں مساجد میں نماز ادا کی جا رہی ہو وہاں موسمی حالات کے پیشِ نظر ظہر اور عصر کی نمازیں جمع کر کے پڑھیں، اور اسی طرح مغرب اور عشاء کی نمازیں بھی ایک ساتھ ادا کی جائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
