ملک بھر میں شبِ معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی

ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور شبِ معراج انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔

شبِ معراج کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی محافل اور عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران درود و سلام اور نعت خوانی کی محفلیں سجائی گئیں جبکہ نوافل بھی ادا کیے گئے۔

علمائے کرام نے اپنے خطابات میں واقعۂ معراج، اس کی اہمیت اور فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و فلاح کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔

شبِ معراج وہ بابرکت رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو معراج کا عظیم الشان شرف عطا فرمایا اور امتِ مسلمہ کو پانچ وقت کی نماز کا تحفہ دیا۔

روایات کے مطابق حضور اکرم ﷺ نے اس رات مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ تک سفر فرمایا، جہاں تمام انبیائے کرام نے آپ ﷺ کی امامت میں نماز ادا کی۔ بعد ازاں آپ ﷺ آسمانوں کی طرف تشریف لے گئے اور اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

واقعۂ معراج کا ذکر قرآنِ کریم کی سورۃ الاسراء، پارہ نمبر 15 کی ابتدائی آیات میں موجود ہے۔

سفرِ معراج کے دوران رسول کریم ﷺ کو جنت اور دوزخ کا مشاہدہ کرایا گیا اور مختلف انبیائے کرام سے ملاقات بھی ہوئی۔ اسی مبارک سفر میں امتِ محمدیہ ﷺ پر نماز فرض کی گئی، جس کے باعث اس رات خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

Back to top button