شاہ رخ کا بیٹا آریان کس فلم سے کیرئیر شروع کرنے والا ہے

ڈرگ کیس سے دنیا بھر کے میڈیا کی شہ سرخیوں میں اجگہ پانے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے شوبز میں انٹری کی تیاری کرلی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ آریان جلد ویب سیریز اور فیچر فلموں سے کام کا آغاز کریں گے۔ آریان خان کے حوالے سے گزشتہ چند سال سے چہ مگوئیاں چل رہی ہیں کہ وہ جلد شوبز میں انٹری دیں گے تاہم شاہ رخ خان ماضی میں بتا چکے ہیں کہ ان کے بیٹے کو اداکاری کے بجائے فلم سازی کا شوق ہے اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ آریان خان ویب سیریز اور فیچر فلمیں بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ نے اپنی خصوصی رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آریان خان فیچر فلم اور ویب سیریز بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں، رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ آریان خان ’ایمازون پرائم‘ کے لیے ویب سیریز جبکہ والد کی فلم پروڈکشن کمپنی ’ریڈ چلی‘ کے لیے فیچر فلم بنائیں گے۔ بتایا گیا کہ آریان خان مشکل حالات میں زندگی گزارنے والے کرداروں پر مبنی ویب سیریز بنائیں گے جبکہ وہ منفرد کہانی پر فیچر فلم بھی بنائیں گے۔
اداکارہ اشنا شاہ نے کزن میرج کی مخالفت کیوں کر دی؟
اس وقت آریان خان ریڈ چلی فلم کے لکھاری بلال صدیقی کے ہمراہ فلم اور ویب سیریز کے لیے سکرپٹ لکھنے میں مصروف ہیں اور ابھی فوری طور پر کہنا قبل از وقت ہے کہ کب تک آریان خان کی ہدایت کاری میں بنی فلم یا ویب سیریز ریلیز ہوگی۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس کے اختتام تک آریان خان کی جانب سے ویب سیریز یا فلم بنائے جانے کی تصدیق کر دی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ دوسری جانب شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی شوبز میں انٹری کی تصدیق پہلے ہی ہو چکی ہے، وہ زویا اختر کی جانب سے بنائی جانے والی ویب سیریز سے اداکاری کا آغاز کریں گی۔
چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر آریان خان کی فلم یا ویب سیریز میں ان کی بہن سہانا خان بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی، تاہم اس حوالے سے بھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو منشیات استعمال کرنے کے الزام پر گرفتار کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایک مہینہ جیل میں رہے اور انہیں بہت مشکل سے رہائی ملی۔
