غزہ، شام اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ غزہ، شام اورلبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مصر میں ڈی 8 سمٹ کے موقع پر فلسطین اورلبنان کی صورتحال سے متعلق خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غزہ، لبنان اور شام میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی ہے۔جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر نو کے لیے فنڈز فراہمی پر غور کرنا چاہیے، مظالم حالیہ تاریخ میں ایک سیاہ باب ہیں۔
شہبازشریف نے کہاکہ ڈی8 سمٹ کے موقع پر غزہ اور لبنان سے متعلق خصوصی اجلاس بلانے پر مصری صدرعبدالفتاح السیسی کا مشکور ہوں، ہم اس وقت ایک بہت مشکل وقت سےگزررہےہیں، اسرائیل کے مظالم غزہ کے بعد لبنان اور شام تک پہنچ چکے ہیں، اسرائیل کےاقدامات سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اکتوبر2023 کےبعد غزہ میں کیے جانے والے مظالم حالیہ تاریخ میں ایک سیاہ باب ہیں، یہ ناقابل تصور پیمانے پر ایک عظیم انسانی المیہ ہے، اسرائیلی جارحیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی عدالت انصاف کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، تاریخ ایسی سفاکیت برتنے والوں اور اس پر خاموش رہنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے غزہ، لبنان، شام میں بارہا اسرائیلی حارحیت کی مذمت کی ہے، اسی طرح اقوام متحدہ کے امدادی ادارے(انرا) کے خلاف کیے جانے والے اقدامات بھی قابل مذمت ہیں، یہ تنظیم لاکھوں بے بس فلسطینیوں کے لیے لائف لائن ہے، ان مظالم کو فوری طور پر رکنا چاہیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نےمشرق وسطیٰ میں مستقل بنیادوں پر پائیدار اور امن کیلئےجامع حل کےطور پرفلسطینی مسئلےکےدو ریاستی حل کی حمایت کی ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ غزہ، مغربی کنارے، لبنان اوردیگر جنگ زدہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئےفنڈز فراہمی پر غور کرنا چاہیے، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نےمصر اور اردن کے راستے فلسطین کیلئےامدادی سامان روانہ کیا۔