غزہ کے روشن مستقبل کے لیے شہبازشریف بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے وزیرِاعظم میاں شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غزہ کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

لندن میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمۂ خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلاؤڈ نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے فلسطین امن منصوبے میں اہم پیش رفت جاری ہے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت، خصوصاً وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

مارگریٹ میکلاؤڈ نے مزید کہا کہ عالمی بینک سمیت مختلف بین الاقوامی مالیاتی ادارے غزہ کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے فنڈز فراہم کریں گے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ آئندہ غزہ کی حکومت میں حماس کا کوئی کردار نہیں ہوگا، تاہم ہتھیار ڈالنے والوں کو ایمنسٹی دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے شہریوں کو علاقے سے نکلنے کے لیے کسی بیرونی دباؤ کا سامنا نہیں ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی انتخابی کامیابی کو امریکا کے مضبوط جمہوری عمل کی علامت قرار دیا۔

Back to top button