شہباز شریف کا او آئی سی مہمانوں کو خوش آمدید

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان آنے والے او آئی سی کے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ہے. اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ او آئی سی امت مسلمہ کی وحدت، اخوت و بھائی چارے کی روشن اسلامی قدر کی علامت ہے. میڈیا رپورٹس کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں.
انہوں نے او آئی سی کو بطور ادارہ اسلامی دنیا کے عوام کی امنگوں، آرزوؤں اور مفادات کا امین قرار دیا. انہوں نے کہا کہ مسلم امہ پرامید ہے کہ او آئی سی ان کے مفادات و حقوق کا تحفظ کرے گی، انہوں نے یہ امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک دفاعی حصار ثابت ہوگا. انہوں نے کہا کہ ہم او آئی سی کے مہمانوں کی کامیابی اور پاکستان میں پر لطف قیام کے لیے دعا گو ہیں.
یاد رہے کہ اس وقت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس کا آغاز ہو چکا ہے. اجلاس میں وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان بھی شریک ہیں.
