شہباز شریف کی سراج الحق سے ملاقات، حمایت کی درخواست

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کرکے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر حمایت کی درخواست کردی، صدر مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں میاں اسلم کی رہائشگاہ پہنچے تو امير جماعت اسلامی سراج الحق نے ان کا استقبال کيا۔ مريم اورنگزیب اور سعد رفيق بھی شہباز شریف کے ہمراہ تھے
۔
شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر جماعت اسلامی سے حمایت کرنے کی درخواست کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے درخواست کی ہے عدم اعتماد پر جماعت اسلامی ساتھ دے، یہ بائیس کروڑ عوام کا مسئلہ ہے، عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، ان وجوہات پر عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی، پی ٹی آئی کے لوگوں سے بھی بات کرینگے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تازہ مینڈیٹ کے ساتھ ملک کے عوام کی خدمت کی جائے، پی ٹی آئی کا کچھ اصل مینڈیٹ اور کچھ جعلی تھا، آج عمران خان کے دعوے کہاں گئے جو انہوں نے کئے تھے؟، عوام کے ووٹوں سے حکومت چلی جائے اس کے لیے ہم یہاں اکھٹے ہوئے ہیں، حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹا کر عوام کے پاس جائیں گے،

سراج الحق نے کہا کہ شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ہمارے سامنے آپشنز رکھے ہیں، موجودہ حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے ، حکومت نے پانی کے قطرے اور ہر لقمے پر بھی ٹیکس لگادیا ہے اور عوام کے لیے زندگی کو مشکل بنا دیا گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ عدم اعتماد جمہوریت کا ایک طریقہ کار ہے، ہم شہباز شریف کی تجاویز پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، افراد کی تبدیلی کے بجائے نظام کی تبدیلی مسائل کا حل ہے، ہم نے شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ عوام سے رجوع کیا جائے، تاکہ اگر نظام نہیں چل رہا تو نئے مینڈیٹ سے نئی حکومت مسائل حل کر سکے، شہباز شریف نے ایک حد تک اس پر اتفاق کیا ہے۔

حکومت کے ہاتھ سے حالات تیزی سے نکل رہے ہیں

سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر الیکشن اصلاحات کرنی چاہئیں، اس کے بغیر الیکشن کرانا مسئلے کا حل نہیں ، امید ہے سب جماعتیں اس پر سوچیں گی، پاکستان میں متناسب نمائندگی کا نظام ہونا چاہئے، ملک میں اللہ کا نظام نافذ ہو تو ملک میں ترقی ہوگی، اللہ کا نظام نہیں آیا اسی لیے ملکی وحدت کو بھی نقصان پہنچا ہے، علاوہ ازیں محمود خان اچکزئی بھی امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی رہائشگاہ پہنچ گئے۔

Back to top button