شاہین اوربابرکی چھٹی ،نمیبیا کیخلاف پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان

ٹیم انتظامیہ شاہین آفریدی اور بابر اعظم سے ناخوش،نمیبیا کے خلاف اہم اورفیصلہ کن میچ میں پاکستانی ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہرکردیا
بدھ کو کھیلے جانے والے اس میچ میں کامیابی پاکستان کو سپر 8 مرحلے میں پہنچانے کے لیے کافی ہوگی جبکہ بارش سے متاثرہ نتیجہ بھی سنہ 2009 کے ورلڈ چیمپئنز کو اگلے مرحلے تک رسائی دلا سکتا ہے۔
ٹیم مینجمنٹ بعض سینئر کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے اور نمیبیا کے خلاف میچ میں اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ممکنہ طور پر بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام کرایا جا سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پلیئنگ الیون میں 2 سے 3 تبدیلیاں متوقع ہیں جس کا مقصد بینچ اسٹرینتھ کو استعمال کرتے ہوئے ٹیم میں نئی توانائی لانا ہے۔
ٹیم حکام نے اہم میچ کے لیے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ یہ ممکنہ تبدیلیاں اتوار کو بھارت کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد زیر غور آئی ہیں۔
پاکستان کا سپن اٹیک مشکلات کا شکار رہا۔ ابرار احمد نے 3 اوورز میں 38 رنز دیے جبکہ شاداب خان نے اپنے واحد اوور میں 17 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ کپتان سلمان علی آغا نے بعد ازاں اس کارکردگی کو ’آف ڈے‘ قرار دیا۔فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 2 اوورز میں 31 رنز دیے تاہم ان کو ایک وکٹ مل گئی۔
