شاہد خاقان کا اپوزیشن کے اختلافات ختم کرنے میں ناکامی کا اعتراف

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن جماعتوں کے اہم رہنما شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کے درمیان پائی جانے والے اختلافات ختم کرنے میں ناکامی اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کےدرمیان اختلافات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں ویمن کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ ملک میں اتفاق نہیں اس کے بغیر ترقی نہیں ہو سکتی، حالانکہ اختلاف رائے جمہوریت کی روح ہوتی ہے، اسی وجہ سے ملک میں انتشار ہے۔اپوزیشن بھی آپس میں اتفاق نہیں پیدا کر سکیں، ہماری کوشش تھی کہ اختلافات دور کیے جائیں، ہم نے کبھی گرینڈ الائنس کی بات نہیں کی۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان اختلاف دور کرنے کی ضرورت ہے، جب پی ٹی آئی نے حکومت کی تو زیادہ حوصلہ افزا حالات نہیں تھے۔بلوچستان کے عوام کی بات سننی پڑے گی، کیا وجہ ہے کہ وہاں کا نوجوان مایوس ہے، ان کی بات نہیں سنیں گے تو حالات نہیں بدلیں گے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا سب کا فرض ہے کوئی شخص دہشت گردی قبول نہیں کر سکتا، پتا کریں بلوچستان کا نوجوان ملک سے مایوس ہوتا جا رہا ہے اور وہاں مستقبل اور روزگار کے حوالے سے احساس محرومی ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آرمی آپریشن آخری طریقہ ہوتا ہے، اصل معاملے کی جڑ تک پہنچ کر احساس محرومی ختم کرنی ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے کہنا تھا کہ اپوزیشن الائنس کے لیے تحفظات کو دور کرنے کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوامیں ایک جماعت اقتدار میں ہے، ان کے وزیر اعلیٰ جمعیت علمائے اسلام کے خلاف بات کر دیتے ہیں جس کی ضرورت نہیں ہے۔

Back to top button