عوام نے حکومت کی کارکردگی پر ووٹ دیا، نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں ن لیگ کے نو منتخب ارکانِ اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پارلیمان کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ عوام نے حکومت کی کارکردگی پر آپ کو ووٹ دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ 2017 میں ملک کہاں جارہا تھا اور اس کے بعد کہاں چلا گیا۔میں نے ملک کی آئی ایم ایف سے جان چھڑائی تھی، اس کے بعد 2018 سے 2022 تک ملک میں کیا ہوتا رہا۔ہمارے کام کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔ پنجاب اور وفاق کی حکومتیں دن رات محنت کر رہی ہیں۔ عمران خان اکیلا نہیں، اس کو لانے والے بھی مجرم ہیں۔ دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے خود ڈاکے مارنے میں سب سے آگے تھے۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور میں خارجہ امور کا دیوالیہ نکالاگیا،گزشتہ دور حکومت میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔

صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا،پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا،پنجاب اور وفاقی حکومت دن رات محنت کررہی ہے، اب سب چیزیں بحال کرنے کی کوشش ہورہی ہے، ڈیڑھ سال میں ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے، پاکستان کو ہم نے اخلاقی، معاشرتی دیوالیہ پن سے بھی بچایا ہے۔

 

Back to top button