سگار پیتے ہوئے میڈیا کوریج روکنے کیلئے پیمرا میں درخواست دائر

پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے اپیل کی ہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی میڈیا کوریج بند کی جائے کیونکہ وہ پریس کانفرنس کے دوران سگار پیتے ہیں اور اس سے نوجوان نسل متاثر ہو سکتی ہے۔
پناہ نے پیمرا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک عمومی ہدایت نامہ جاری کرے کہ تمباکو نوشی کو فروغ دینے والے کسی بھی شخص کو میڈیا کوریج نہ دی جائے۔
جنرل سیکریٹری پناہ ثنا اللہ گھمن کے دستخط شدہ خط میں کہا گیا کہ ’ایسوسی ایشن 1984 سے دل کے امراض کی شرح کو کم کرنے کے لیے سرگرم ہے، اس ایسوسی ایشن نے ماضی میں آنے والی قدرتی آفات کا شکار ہونے والے لوگوں کی مدد میں بھی اپنا حصہ ڈالا ہے اور غریب مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں مہنگے کارڈیک انویسٹی گیشن، انجیو پلاسٹی، سٹینٹس اور کارڈیک سرجری کروانے میں بھی مدد فراہم کر رہی ہے‘۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ’اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر اپنے عہدے کے اعتبار سے ہمارے سرپرست اعلیٰ ہیں، پناہ پالیسی سازوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تاکہ غیر متعدی امراض اور بہت سی دیگر مہلک بیماریوں کو کم کرنے کے لیے پالیسیوں کی ترویج کی جا سکے۔ خط میں کہا گیا کہ ’پناہ کی جانب سے دل کے امراض سے بچاؤ کے پروگرام کے تحت ملک میں تمباکو کے استعمال کے خلاف ایک جارحانہ مہم چلائی جارہی ہے کیونکہ تمباکو دل اور دیگر بہت سی مہلک بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ ہے‘۔
