شعیب ملک اداکارہ ثنا جاوید کی حمایت میں سامنے آ گئے

معروف اداکارہ ثنا جاوید آج کل ساتھی اداکاروں، میک آرٹسٹ اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ دیگر افراد کی جانب سے تنقید کی زد میں ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر تنقید کے اس طوفان میں ایک جگمگاتے ستارے نے ان کی حمایت میں شمع روشن کی ہے۔ معروف کرکٹر اور سابق کپتان شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید مہربان اور عزت دینے والی شخصیت قرار دے دیا ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ ثنا جاوید کے خلاف کئی ماڈلز، میک اپ آرٹسٹس اور جونیئر اداکاراؤں نے سوشل میڈیا پر ایک منظم مہم شروع کر رکھی ہے اور ان پر نامناسب رویہ اختیار کرنے سمیت سنگین الزامات عائد کیے ہیں، لیکن دوسری جانب فہد مصطفیٰ، ندیم بیگ اور سعدیہ فیصل جیسے لوگوں نے ان کی حمایت بھی کی ہے۔ مختلف لوگوں کی جانب سے نامناسب رویے کےالزامات لگائے جانے کے بعد ثنا جاوید نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان بھی کر دیا ہے اور بعض لوگوں کو قانونی نوٹسز بھی بھجوا دے گے ہیں۔
شوبز اور میک اپ شخصیات کے بعد اب کرکٹر شعیب ملک نے بھی ثنا جاوید کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کے ساتھ کئی بار کام کیا ہے مگر کبھی ان کے نامناسب رویے کا سامنا نہیں ہوا۔ شعیب ملک نے اپنی مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ کافی عرصے سے ثنا جاوید کو جانتے ہیں اور ہر بار اداکارہ کو مہربان اور عزت دینے والے شخصیت کے طور پر پایا۔ سابق کپتان نے لکھا کہ وہ ثنا جاوید کے ساتھ اپنے کام کرنے کے تجربے کی بنیاد پر کہتے ہیں کہ اداکارہ مجھ سمیت کام کرنے والے دیگر افراد کے ساتھ بھی احسن انداز میں پیش آئیں اور ان کی عزت کی۔
مسٹر پرفیکشنسٹ بن کر عامر خان نے خود کو کیسے تباہ کیا؟
کرکٹر نے اداکارہ کے ساتھ صرف اپنے کام کرنے کے تجربے کو بیان کیا اور ثنا جاوید پر لگائے گئے الزامات پر کوئی بات نہیں کی، ان سے قبل فہد مصطفیٰ، ندیم بیگ اور سعدیہ غفار نے بھی صرف ثنا جاوید کے ساتھ اپنے تجربات بیان کیے تھے، اداکارہ کے خلاف لگائے گئے الزامات پر کوئی بات نہیں کی تھی۔ ثنا جاوید کے خلاف ابتدائی طور پر منال سلیم، ماڈل فریحہ شیخ اور میک اپ آرٹسٹس اکرام گوہر اور ریان تھومس نے نامناسب رویے کے الزامات لگاتے ہوئے انہیں بد اخلاق اور غیر پیشہ ورانہ قرار دیا تھا۔ بعد ازاں میک اپ آرٹسٹ واجد خان، ماڈل ماہ نور شیخ، اداکارہ رابعہ کلثوم، فوٹوگرافر سونیا مشال اور اسٹائلسٹ آرندا طول النور نے بھی ثنا جاویود پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں دوسروں کو کم اہم سمجھنے والی خاتون قرار دیا تھا۔
جہاں ثنا جاوید پر لوگوں نے الزامات لگائے تھے وہیں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد اور صحافیوں نے ان کے ساتھ کام کرنے کے تجربات بیان کیے تھے، ثنا جاوید کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کرنے والی دیگر شخصیات میں وقاص رضوی، راسخ اسماعیل خان، صحافی مہوش اعجاز اور آمنا عیسانی سمیت دیگر افراد شامل تھے۔
