امریکا : وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈز پر فائرنگ،مشتبہ حملہ آور افغانی نکلا

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے کو “دہشت گردی کا اقدام” قرار دیا ہے۔مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے،جس کی شناخت افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے طور پر ہوئی ہے
امریکی نشریاتی اداروں کے مطابق ایک حملہ آور نے گارڈز پر اچانک گولیاں برسا دیں جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل منتقل کیے گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کی شناخت 29 سالہ افغان شہری رحمان اللہ لکنوال کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہےکہ وہ 2021 میں امریکا آیا تھا۔
فائرنگ کے بعد احتیاطی طور پر وائٹ ہاؤس کو کچھ وقت کےلیے سیل کردیا گیا، جب کہ اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے شہریوں کو آئی سٹریٹ کے نزدیک آنے سے روک دیا گیا۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری نے بتایا کہ تمام ادارے مل کر معلومات اکٹھا کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے خطاب کے دوران واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بائیڈن دور میں امریکا میں داخل ہونے والے تمام غیر ملکیوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا حکم جاری کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی سخت ردعمل دیا اور حملہ آور کےلیے “سنگین نتائج” کی تنبیہ کی۔
زخمی ہونے والے دونوں اہلکار ویسٹ ورجینیا سے تعلق رکھتے تھے۔ ویسٹ ورجینیا کے گورنر نے کہا کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔
ادھر واقعے کے فوری بعد سکیورٹی خدشات کے باعث رونالڈ ریگن ایئرپورٹ پر پروازیں کچھ دیر کے لیے روک دی گئیں، تاہم حالات معمول پر آنے کے بعد فضائی آپریشن بحال کردیا گیا۔
