پہلے شوہر کو چھوڑ کر دوسرے کیساتھ جانا، یہ کیسے ممکن ہے؟

معروف پاکستانی ڈرامے ’’کابلی پلائو‘‘ کی آخری قسط نہ صرف ناظرین کو افسرہ کر گئی ہے، بلکہ مذہبی تنازعے کا باعث بھی بن گئی ہے، گزشتہ دنوں ڈرامے کی آخری قسط میں دکھایا گیا کہ باربینا پہلے شوہر باران کے ساتھ واپس جانے کے بجائے حاجی مشتاق کے ساتھ چلی گئی جس پر ناظرین نے یہ سوال اٹھایا کہ مذہبی حوالے سے یہ کیسے ممکن ہے؟اس سوال پر ڈرامے کے مصنف ظفر معراج نے ایک انٹرویو میں وضاحت پیش کی کہ اس صورتحال میں تین افراد شامل تھے اور یہ ٹھیک بات ہے کہ تنازع پیدا ہونے کی صورت میں شرعی احکام لاگو ہوں گے، باران باربینا کو واپس لے جانے کو تیار نہیں تھا اور باربینا حاجی صاحب کے ساتھ رہنا چاہتی تھی، اس صورت میں کسی قسم کا تنازع ہی پیدا نہیں ہوا اور ساری صورتحال آسان ہوگئی۔ظفر معراج نے کہا کہ اگر وہ اس معاملے میں تنازع دکھاتے تو پھر اسلامی قانون ضرور نافذ ہوتے اور اختتام لازمی تبدیل ہو جاتا، کاشف نثار کی ہدایتکاری میں بننے والے اس ڈرامے کے او ایس ٹی نے پاکستانی سمیت بھارتیوں کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا ہے۔ڈرامہ کابلی پلاؤ ایک جوڑے کی منفرد کہانی پر مشتمل ہے جو کچھ مشکل حالات کے باعث ایک دوسرے سے جدا ہوگئے لیکن باہمی احترام اور محبت ان کے دل میں برقرار رہتی ہے، سبین فاروق اور محمد احتشام الدین، باربینا اور حاجی مشتاق کے مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ نادیہ افغان بطور شمیم اور عبداللہ فرحت اللہ بطور باران افغانی شامل ہیں۔ڈرامے کی کہانی ایک افغان پناہ گزین لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ملک میں خراب حالات کی وجہ سے اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آجاتی ہے۔ڈرامے میں افغان مہاجر باربینا کا کردار اداکارہ سبینہ فاروق نے ادا کیا ہے۔ ڈرامے کی سب سے خاص بات اس میں افغان مہاجرین کی بے بسی کو ایک نئے انداز میں دکھایا گیا ہے جبکہ پاکستانی کلچر سے ان کی ناواقفیت پر بھی بات کی گئی ہے۔ڈرامے کی کہانی باربینا (سبینہ فاروق) کے گرد گھومتی ہے جو اپنے شوہر باران (عبداللہ فرحت اللہ) کی جنگ میں ہلاکت کے بعد اپنی ماں، بڑے بھائی اور چھوٹے معذور بھائی کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آ جاتی ہے، باران کے بھائی یعنی باربینا کا جیٹھ اس سے شادی کا خواہش مند ہوتا ہے، جس سے بچنے کیلئے باربینا کا بڑا بھائی اس کا رشتہ حاجی مشتاق (احتشام الدین) سے طے کر دیتا ہے جو تبلیغی جماعت کے ساتھ لاہور سے شمالی علاقہ جات کے دورے پر گئے ہوتے ہیں اور انسانی ہمدردی کی خاطر باربینا کے چھوٹے بھائی کے علاج کیلئے ان کی مدد کرتے ہیں۔

Back to top button