حکومت کے 14 منحرف اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے 14 منحرف اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹسز جاری کر دیے ہیں. نیوز رپورٹس کے مطابق منحرف ممبران قومی اسمبلی کی فہرست میں نور عالم خان، افضل ڈھانڈلہ، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض، احمد حسین ڈیہڑ، رانا قاسم نون، عبدالغفار وٹو، مخدوم باسط سلطان، عامر طلال گوپانگ، خواجہ شیراز، سردار ریاض مزاری، رمیش کمار کے نام شامل ہیں جبکہ دو خواتین جن میں وجیہہ قمر اور نزہت پٹھان کے نام شامل ہیں کو پارٹی کی جانب سے شو کاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں.
میڈیا ذرائع کے مطابق اراکین اسمبلی کو بھیجے گئے شوکاز نوٹسز پر پارٹی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے دستخط کیے ہیں. نوٹس میں منحرف ایم این ایز سے ان کے عمل کی وضاحت طلب کرتے ہوئے معافی مانگ کر غیر مشروط طور پر پارٹی میں واپس آنے کے لیے 7 دن کی مہلت دی گئی ہے. مزید کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز تک جواب نہ ملا تو ارکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی.
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوںکی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد سے ملکی سیاسی صورت حال میں ہلچل برپا ہو گئی ہے. اسی دوران حکمران جماعت کے کچھ منحرف اراکین کے نام بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے. منحرف اراکین اسلام آباد سندھ ہاوس میں مقیم تھے، اس قجہ سے سندھ ہاوس گزشتہ کل مشتعل ہجوم کا نشانہ بنا تھا جنہوں نے وہاں توڑ پھوڑ کی تھی.
