ایس آئی ایف سی اجلاس میں وزیراعلیٰ کے پی کو مدعو نہ کرنے پرپی ٹی آئی کا رد عمل

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو مدعو نہ کرنے پر ترجمان خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے  ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ شہباز شریف کی جعلی فارم 47 حکومت کے پی کے سے تعصب کی انتہا کو پہنچ گئی ہے۔

ترجمان خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ شہباز حکومت ملک کو صوبائیت کی طرف دھکیل رہی ہے، قدرتی وسائل سے مالا مال صوبے کی قسمت کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی غیر موجودگی میں قبول نہیں کیا جائے گا، خیبر پختونخوا حکومت اس متعصبانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

ایس آئی ایف سی کا اجلاس طلب، وزیراعلیٰ کے پی کو مدعو نہیں کیا گیا

دوسری جانب مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم نے رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ اپیکس کمیٹی اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو نہ بلانا بغض ہے، علی امین گنڈا پور کو اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں نہ بلانا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اور بغض اور اصولوں کے خلاف ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)  کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس 25 مئی کو طلب کیا ہے۔اجلاس میں پنجاب، سندھ اور  بلوچستان کے  وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا گیا ہے تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات، وزیر خزانہ، وزیر دفاع، وزیر منصوبہ بندی، وزیر تجارت، وزیر قانون و انصاف اور وزیر آبی وسائل بھی شرکت کریں گے۔ نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں چاروں چیف سیکرٹریز کو  بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔

Back to top button