پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی رینکنگ میں نمایاں برتری

پاسپورٹس کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن مزید بہتر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ عالمی فہرست میں پاکستانی پاسپورٹ کی حیثیت مضبوط ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پاسپورٹ عالمی رینکنگ میں 126ویں نمبر سے ترقی کرتے ہوئے 98ویں نمبر پر آ گیا ہے، اور یہ بہتری کا سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ رواں برس پاسپورٹس کی عالمی فہرست میں ایشیائی ممالک نمایاں رہے ہیں، جہاں پہلے نمبر پر سنگاپور جبکہ دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں۔

سنگاپور کو یہ اعزاز اس کے شہریوں کو دنیا کے 227 میں سے 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن آرائیول سہولت حاصل ہونے کے باعث ملا ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا کے پاسپورٹس دوسرے نمبر پر ہیں، جن کے حامل افراد 188 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

Back to top button