لندن میں سکھ کمیونٹی کا بھارت کے خلاف مظاہرہ

برطانیہ میں سکھ کمیونٹی نے بنگلادیشی حکومت کے حق میں اور بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں سکھ برادری کے افراد نے بنگلادیشی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر بھارت مخالف نعرے لگائے اور بنگلادیش کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نوجوان طلبہ رہنما عثمان ہادی کا قتل ایک بڑے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور بھارت کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ شرکاء نے الزام عائد کیا کہ بھارتی حکومت اور خصوصاً مودی سرکار دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے والوں کو خاموش کرانے میں ملوث ہے۔
احتجاج میں شامل افراد نے کہا کہ آزادیٔ اظہار کی آوازوں کو دبانے کے لیے قتل جیسے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بنگلادیش میں سابق حسینہ واجد حکومت کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کرنے والی طلبہ تحریک کے ترجمان عثمان ہادی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ وہ علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیے گئے تھے، جہاں چند روز بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
عثمان ہادی کے انتقال کے بعد بنگلادیش میں بھی بھارتی ہائی کمیشن کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔
