سندھ حکومت کاموٹرسائیکل سواروں کیلئےپیٹرول پرسبسڈی کااعلان

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی کے تحت ہرماہ 2 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کچھ اہم فیصلے ہوئے، خطے کی صورتحال بہت کشیدہ ہے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل جنگ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، موجودہ حالات دیکھتے ہوئے ہم نے کئی اقدامات کیے جس کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی دینا ہوگی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے ہم نے فیصلہ کیا کہ موٹرسائیکل سواروں کو سبسڈی دی جائے، سندھ میں 66 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، ہر موٹرسائیکل والے کو اپریل سے ہرماہ 2ہزار دیے جائیں گے، 20 لیٹر کےحساب سے ہر ایک لیٹر پر 100 روپے ملیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایپ میں جس کے نام پر موٹرسائیکل ہوگی اس کے اکاؤنٹ میں پیسے دیےجائیں گے لہٰذا عوام جلد سے جلد اپنے نام پر موٹرسائیکل منتقل کریں۔
سید مراد علی شاہ کے مطابق ایپ میں اپنا شناختی کارڈ نمبر ڈالنے سےموٹرسائیکل کانمبر آجائےگا، 15دن بعد رقم موٹر سائیکل والوں کو منتقل کی جائے گی تاہم رقوم تصدیق شدہ موٹرسائیکل والوں کو دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل آپ کے نام نہیں تو 15 دن میں اپنے نام کروا لیں، جس کیلئے موٹرسائیکل کی ٹرانسفر فیس معاف کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ لوئر کلاس کے ریلوے کرایوں میں اضافہ نہیں ہوگا، پہلے مرحلے میں صرف اپریل کے مہینے میں یہ سبسڈی دی جائے گی، سندھ میں 27 ہزار 297 بسیں رجسٹرڈ ہیں، صرف رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹرکوں، موٹرسائیکلوں کو سبسڈی ملے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا انٹر سٹی اور انٹرا سٹی منی بس، کوچز اور بس مالکان کو پابند کریں گے کہ کرایہ نہ بڑھاییں، مزید برآں مسافر بسوں کو وفاقی حکومت بھی ایک لاکھ روپے دے گی۔

Back to top button