گورنرسندھ کا گل پلازہ کے متاثرین کو مفت پلاٹ دینے کااعلان

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ سانحے کے متاثرین کو گورنر سندھ اور ایم کیو ایم مل کر مفت پلاٹ فراہم کریں گے۔

گورنر ہاؤس میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر سندھ، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، علی خورشیدی، تنویر پاستا، تاجر رہنما جاوید بلوانی، زبیر موتی والا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی شہر میں ٹیکس کے وسائل جمع تو ہوتے ہیں، لیکن یہاں خرچ نہیں کیے جاتے اور سانحات کے وقت انتظامیہ کے پاس اتنے وسائل نہیں ہوتے کہ کسی کی جان بچائی جا سکے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو اب شہر کے فیصلے کروانے چاہئیں اور اگر وفاق اور صوبہ اپنے فرائض انجام نہیں دے سکتے تو یہ کام گورنر ہاؤس کرے گا۔

انہوں نے سانحہ گل پلازہ میں ہونے والی ہولناک آگ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ڈیڑھ ڈیڑھ کلو راکھ دی گئی، شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا اور مرنے والوں کی قیمت کا تعین ختم ہو چکا ہے۔ آئندہ ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے مناسب انتظامات کرنا ناگزیر ہے، لیکن انتظامیہ اس بارے میں کچھ نہیں بتا رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں سے جمع ہونے والے ٹیکس کا پانچ فیصد بھی شہر میں خرچ نہیں ہوتا اور متاثرین کی مشکلات کا حل فوری طور پر نکالنا ہوگا۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ گل پلازہ میں مرنے والے افراد کی قیمت کا تعین ختم ہو چکا ہے اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں اس کے لیے انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کو معاوضہ دینے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دوبارہ کسی کو نقصان نہ ہو اور شہر کے شہریوں کے حقوق کی حفاظت ہو۔

Back to top button