سندھ ہائی کورٹ : اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹر اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیر اعظم تعیناتی کے خلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
سندھ ہائی کورٹ نے سینیٹر اسحٰق ڈار کو نائب وزیر اعظم مقرر کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران فریقین سے 6 ہفتوں کےبعد تحریری جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نےعدالت میں مؤقف اپنایا کہ 6 ہفتوں بعد درخواست غیرمؤثر ہوجائے گی، آئین میں نائب وزیر اعظم کاکوئی عہدہ نہیں ہے، اسحٰق ڈار کو 90 لاکھ روپے کےمساوی مراعات ملیں گی، آئین میں وزیر اعظم اور نگراں وزیر اعظم کےعہدے کےعلاوہ ایسا کوئی عہدہ نہیں ہے۔
مسلم لیگ ن امیدوار کی این اے 97 میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج
جسٹس یوسف علی سعید نے پوچھا کہ کیا 6 ہفتوں بعد نائب وزیر اعظم کی تقرری ختم ہوجائے گی؟ فوری درخواست کی سماعت پر نوٹس کردیا ہے، اگلی تاریخ پر کیس کا جائزہ لیں گے۔
سرکاری وکیل نےعدالت کو بتایاکہ اسی نوعیت کی درخواستیں پشاور اور لاہور ہائی کورٹس سےمسترد ہوچکی ہیں۔
