سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کی برطرفی کا حکم سندھ ہائیکورٹ نے معطل کر دیا

سندھ  ہائیکورٹ نے صوبائی محتسب کی جانب سے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔

مونس علوی اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ وہ 25 لاکھ روپے جرمانے کی رقم ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں۔

عدالت نے کیس میں صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریمارکس دیے: "صوبائی محتسب کا قانون کہاں ہے؟” — جو اس کیس میں اختیارات کے دائرہ کار پر سوالیہ نشان تھا۔

ترجمان کے الیکٹرک نے بھی سی ای او مونس علوی کے استعفے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ بدستور اپنے عہدے پر قائم ہیں۔

یاد رہے کہ صوبائی محتسب نے گزشتہ روز مونس علوی کو ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جائے۔

مونس علوی نے اس فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ تعلقات میں دیانتداری، احترام اور وقار کو مقدم رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے۔

Back to top button