عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنےپربہنوں کاجیل کے قریب دھرنا

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے  پرعلیمہ خان اور دیگر نے جیل کے قریب دھرنا دے دیا۔

پی ٹی آئی نےکارکنوں کو کال دی تھی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے یکجہتی کے لیے اڈیالہ جیل کے باہر پہنچیں، تاہم انتظامیہ نے اس تناظر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کررکھی ہے، اور جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ انہیں بحریہ ٹاؤن کے فوراً بعد پولیس نے ناکے پر روک لیا ہے۔

واضح رہے کہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے عمران خان سے ملاقاتیں بند ہیں، اور حکومت کا مؤقف ہے کہ کسی کو بھی جیل میں بیٹھ کر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

اس سے قبل عمران خان کی بہنیں کارکنوں کے ساتھ جیل کے باہر دھرنا دیتی رہی ہیں، جن کو واٹر کینن کا استعمال کرکے پولیس وہاں سے منتشر کرتی رہی۔

فیکٹری ناکہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ سہیل آفریدی پاکستان کا مستقبل ہے یہ نئی سیاست ہے اور پرانی سیاست جوان لوگوں نے دفن کر دی ہے، نئی جنریشن کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دھوکا تھا کہ کراچی میں بہت خوف ہے،کراچی میں بالکل خوف نہیں ہے، چھوٹے سے چھوٹا افسر کراچی میں بلٹ پروف گاڑی کے بغیر چلتا نہیں ہے لیکن سہیل آفریدی نے گاڑی کے اوپر بیٹھ کر سارا وقت گزارا اس کا مطلب ہے کراچی کے لوگ پرامن لوگ ہیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کراچی کے خوف کے بت توڑ کر آئے ہیں وہ چھوٹی موٹی بات نہیں کر کے آئے، اس قسم کے دلیر نوجوان ہمارے پاکستان کے سیاست دان ہوں گے، پی ٹی آئی کے چیئرمین بانی ہیں، انہوں نے جو چیزیں بھیجیں وہ ایکس پر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھی عمران خان کا پیغام لے کر آئے اور ایکس پر ڈالا، سارے پاکستانی اسی کو پڑھتے ہیں، سارا پاکستان اس وقت سیاست دان ہے، ہر پاکستانی یہ جاننا چاہتا ہے کہ ہمارے جج کون ہیں اور ہمارے سیاست دان کون ہیں اور وہ ملک کے لیے کیا کر رہے ہیں۔

Back to top button