بہنیں عمران خان کیلئےکھل کرآوازاٹھائیں گی،علیمہ خان قیادت کی خاموشی پربرس پڑیں

سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بہنیں عمران خان کیلئےکھل کرآوازاٹھائیں گی ۔پی ٹی آئی کی قیادت اور بعض رہنماؤں کی مبینہ خاموشی پرسخت تشویش ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعلیمہ خان کا کہنا تھا کہ اگر چند لوگ کھڑے ہو کر بیان دیتے ہیں تو اس سے پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔

انہوں نے سوال کیا کہ آخر محسن نقوی کے بیان کا جواب کیوں نہیں دیا گیا اور کیوں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ بہنیں قصوروار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی وکلا اور رہنما جو اب چیئرمین اور ایم این اے بن چکے ہیں، وہ بانی کے کیسز تک نہیں لگوا پا رہے اور نہ ہی کہیں نظر آ رہے ہیں۔

علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر، لطیف کھوسہ اور بیرسٹر علی ظفر کا نام لیتے ہوئے سوال کیا کہ وہ کہاں غائب ہیں اور کیس کیوں نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کئی بار وکلا کو ہدایت کی کہ کیسز دائر کیے جائیں، مگر عملی طور پر کچھ نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی قیادت مکمل خاموش ہے اور انہیں یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ کیا ہو رہا ہے۔

عظمیٰ خان نے بھی اسی موقع پر کہا کہ پارٹی قیادت نظر نہیں آ رہی اور مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ ان کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر انہیں اپنے اہل خانہ کی معلومات پارٹی سے ملیں گی یا محسن نقوی سے؟

ان کا کہنا تھا کہ بعض رہنما اکیلے فیصلے کر رہے ہیں اور اہل خانہ کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا، جو کہ شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اہل خانہ کو مطمیئن رکھا جاتا تو صورتحال بہتر ہو سکتی تھی، مگر پارٹی رہنما خاموشی سے رابطے کرتے رہے اور معلومات فراہم نہیں کیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا اور عوام جانتے ہیں کہ پارٹی میں غدار کون ہیں اور انہیں بھی مکمل معلومات ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کے بعد علیمہ خان بہنوں کے ہمراہ چیف جسٹس کے چیمبر کی جانب دوبارہ روانہ ہو گئیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بھی علیمہ خان سے ملاقات کی اور طویل مشاورت کے بعد ہائیکورٹ سے روانہ ہو گئے۔

 

Back to top button