ملکہ الزبتھ کی شادی کے 78 سال پرانے کیک کا ٹکڑا 27 ہزار پاؤنڈ میں فروخت

ملکہ الزبتھ اور پرنس فلپ کی شادی کے 78 سال پرانے کیک کا نایاب ٹکڑا حال ہی میں 27 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں نیلام کر دیا گیا، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ خریدار نے اسے اپنی سالگرہ پر کھانے کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔
یہ مخصوص ٹکڑا ایک فروٹ کیک کا حصہ تھا جسے اُس وقت الکحل میں بھگو کر محفوظ کیا گیا تھا، اور کئی دہائیوں تک ایک دراز میں محفوظ رکھا گیا۔ یہ ٹکڑا دراصل بکنگھم پیلس میں ہونے والی شاہی شادی کے موقع پر چیف پیٹی آفیسر ایف لاؤنز کو دیا گیا تھا، جو بعد میں ان کے بیٹے اور بہو کو منتقل ہوا۔
یہ نایاب ٹکڑا شاہی کیک کا ایک حصہ تھا۔ اسے اس کی اصل ڈبیا میں محفوظ رکھا گیا تھا، جس پر چاندی کا تاج، ’ای پی‘ (یعنی الزبتھ اور فلپ کے ابتدائی حروف) اور ان کی شادی کی تاریخ درج ہے۔
اس تاریخی یادگار کو گیری لیٹن نامی ایک شاہی مداح اور تاجر نے خریدا، جو پہلے ہی پرنس چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی کے کیک کا ایک ٹکڑا اپنے پاس رکھتے ہیں۔
