عمران کاقومی اسمبلی کی35 نشستوں پرخود الیکشن لڑنے کا اعلان

تحریک انصاف عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 34 ارکان اورشیخ رشید احمد کے استعفے منظور ہونے کے بعد تمام 35 حلقوں پر خود الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسدعمر کا کہنا تھا کہ ان تمام 35 حلقوں پر تحریک انصاف کا امیدوار عمران خان ہوں گے، یہ ایک علامتی الیکشن ہے کوئی اصل الیکشن تو ہے نہیں کہ ہم دیگر امیدوار نامزد کرسکے، اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ جب ہوجائے تو اس وقت تحریک انصاف کے جتنے اراکین اہل ہوں وہ قومی اسمبلی میں جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسپیکر ہمیں لیڈر آف اپوزیشن سمیت دیگر پارلیمانی عہدوں سے دور رکھنا چاہتا ہے تو صرف 35 اسعفوں سے کام نہیں بنے گا۔

انہوں  نے کہا کہ تحریک انصاف کی ساری سینئر قیادت کے استعفے اس خوف کے باعث منظور کیے گئے کہ انکے اسمبلی میں واپس آنے سے کہی حکومت نہ گرجائے، حالانکہ اعتماد کا ووٹ انہوں نے لینا ہے ہم نے تو کچھ کرنا نہیں، ہم 35 اسمبلی میں موجود ہوں یا نہ ہوں، اس سے فرق نہیں پڑیا، حکومت کا ایک مقصد یہ بھی ہوسکتا ہے کہ تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کو صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن کے دوران مصروف رکھا جاسکے۔

اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی میں معمول کے کارروائی میں شرکت کےلیے نہیں جارہے، بلکہ ایوان میں جانے کا مقصد آئندہ الیکشن کےلیے قائد خزب اختلاف کی صورت میں وفاقی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر نگراں حکومت پر مشاورت کا حصہ بننا ہے، استعفوں کا معاملہ ہم نے سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے اور قانونی محاذ پر ہم اس کیس کی پیروی کریں گے۔ ہمارا مؤقف ہے کہ ہم سب اسعفے دے چکے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی ایک ہی طریقہ کار کے تحت ایک ہی دن دیے گئے استعفوں میں سے یہ نہیں کہہ سکتے کہ مجھے یہ 11 یا 35 قبول ہیں، باقی نہیں۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 34 ارکان اور شیخ رشید احمد کے استعفے منظور ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔

Back to top button