وزیراعظم 28 سے30اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو، مولانا فضل الرحمن ، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی اور دیگر ارکان کے ہمراہ 28 اپریل کو سعودی عرب جائیں گے۔
وزیر اعظم کے دورہ بردار اسلامی ملک کےشیڈول کے مطابق وزیراعظم 28 سے 30 اپریل تک دو روزہ دورے پر جائیں گے، ان کے ہمرہ مذکورہ افراد کے علاوہ امیر حیدر ہوتی، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، علی نواز شاہ، محسن داوڑ، محمود خان اچکزئی، عبد المالک بلوچ، شاہ اویس نورانی، سابق معاون خصوصی حافظ طاہر اشرفی بھی جائیں گے۔
سعودی عرب کے دورہ پر وزیراعظم کے ہمراہ شریف خاندان کے 16 افراد بھی جائیں گے، جن میں حمزہ شہباز، ان کی اہلیہ اور بیٹی سماویہ، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، صبیحہ عباس شریف شامل ہیں جبکہ حسین نواز اورحسن نواز لندن سے جدہ پہنچیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پروپیگنڈہ کیے جانے والے جھوٹ کے برعکس وزیراعظم رواں ہفتے کے آخر میں اپنے خرچ پر کمرشل فلائٹ سے سعودی عرب جائیں گے، 2008-18 کے دوران بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے 10 سال کے دوران انہوں نے ہمیشہ اپنے خرچ پر سفر کیا۔