کیا عمران اسٹیبلشمنٹ کے لیے خطرہ ہے یا خود اپنے لیے؟

فوج کی حمایت سے برسر اقتدار آنے اور بعد میں اسٹیبلشمنٹ کو برا بھلا کہنے کا الزام پاکستان میں تقریباً تمام سیاست دانوں پر لگتا رہا تاہم سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے فوج پر تابڑ توڑ حملوں نے ملک کے کئی حلقوں  میں یہ تاثر پیدا کردیا ہے کہ سابق کپتان اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سب سے زیادہ خطرناک سیاستدان ثابت ہوئے ہیں۔

عمران خان نے حالیہ دنوں میں نہ صرف آرمی چیف پر تنقید کی بلکہ انہوں نے ایک بار پھر میجر جنرل فیصل نصیر کا بھی نام لیا اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں گرفتار کر کے ان کے ساتھ شہباز گل اور اعظم سواتی جیسا سلوک کیا جائے گا۔ سابق وزیر اعظم نے ایک بار پھر اپنے قتل کی سازش کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کو قتل کرنے کا نیا پلان بن چکا ہے۔

 اس سوال کے جواب میں کہ دوسرے سیاست دانون کے برعکس عمران خان کیا اسٹیبلشمنٹ کے لیے زیادہ خطرناک سیاست دان بن کر ابھر رہے ہیں؟ لاہور سے تعلق رکھنے والے سیاسی مبصر حبیب اکرم نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سب سے مؤثر آواز ثابت ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا، ”بے نظیر اور نواز شریف نے جی ایچ کیو کے خلاف لڑائی ملک کے باہر سے لڑی لیکن عمران خان نے یہ لڑائی پاکستان میں رہ کر لڑی، جس سے اسٹیبلشمنٹ کمزور ہوئی اور کپتان مقبول۔‘‘

خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان میں سیاست دانوں نے جب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف صف آرائی شروع کی، تو انہوں نے ملک کے دوسرے طاقتور اداروں پر تنقید کو ہلکا رکھا تاکہ بیک وقت کئی لڑائیاں نہ لڑی جائیں۔ لیکن عمران خان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انہوں نے ایسا نہیں کیا۔حبیب اکرم کے مطابق عمران خان نے ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ نہ صرف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف سخت رویہ اختیار کیا بلکہ انہوں نے اُس میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا جو اسٹیبلشمنٹ کا اتحادی رہا ہے۔

سیاست دانوں کا خیال ہے کہ دو ہزار اٹھارہ میں جب عمران خان برسراقتدار آئے، تو انہیں بہت سازگار حالات میسرتھے۔ ملک کی طاقتور ترین فوج بھی ان کے ساتھ تھی جبکہ عدلیہ کا رویہ بھی ان کے ساتھ نسبتاً نرم تھا۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعلٰی بلوچستان نواب سردار اسلم رئیسانی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے راز عمران کے پاس ہیں اسی لیے اس نے اسٹیبلشمنٹ کی ناک میں دم کیا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا، ”ماضی میں بے نظیر بھٹو اور نواز شریف پر اسٹیبلشمنٹ اتنا زیادہ بھروسہ نہیں کرتی تھی۔ اس لیے انہیں بہت سارے راز نہیں بتائے لیکن کیونکہ عمران خان سے اسٹیبلشمنٹ کی بہت قربت تھی اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کے لیے اپنا دل کھول دیا۔‘‘سردار اسلم رئیسانی کے مطابق عمران خان اب ان رازوں کو استعمال کر رہا ہے اور اسٹیبلشمنٹ پر دباؤ بڑھا رہا ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے اوورسیز یونٹ سے لیکن پاکستان تحریک انصاف کے یونٹس ان میں سب سے زیادہ متحرک ہیں۔

نواب اسلم رئیسانی کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کے خلاف عمران خان کی مضبوطی کی ایک بڑی وجہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ہیں۔ ان کے بقول بیرون ملک مقیم پاکستانی، جو عمران کے حامی ہیں، نے فوج کے خلاف بھرپور مہم شروع کی ہوئی ہے اور فوج ان کے خلاف کچھ نہیں کر سکتی اس لیے عمران خان کی پوزیشن مضبوط نظر آتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا دعویٰ ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے سودے بازی کرنے کے لیے ان کے ہاتھ پیر پکڑ رہے ہیں۔ اصل صورتحال کیا ہے اس بارے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے سیاسی مبصر جنرل ریٹائرڈ غلام مصطفٰی کا کہنا ہے کہ ماضی میں نواز شریف اور بے نظیر نے بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف لڑائی لڑی لیکن عام آدمی کے خیال میں انہوں نے یہ لڑائی ذاتی مفادات کے لیے لڑی۔ غلام مصطفٰے نے بتایا، ” عمران خان کی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف لڑائی کو لوگ اصولوں کی جنگ قرار دیتے ہیں۔ جنرل باجوہ کے بیانات بھی عمران کے اس دعوے کو تقویت دیتے ہیں کہ اس کی لڑائی اصولوں پر ہے۔‘‘

پاکستان میں سیاسی افق پر جو رہنما نمودار ہوئے، ان میں بین الاقوامی سطح پر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کو اچھی طرح جانا جاتا ہے۔ کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ عمران خان ملکی اور غیر ملکی سطح پر سب سے شہرت یافتہ سیاستدان کے طور پر ابھرے ہیں۔

جنرل غلام مصطفٰی کا خیال ہے کہ کیوں کہ بین الاقوامی میڈیا یا عمران خان کے ماضی کی وجہ سے ان کو بہت اچھی طرح جانتا ہے، اس لیے عمران خان کی طرف سے دیے جانے والے سیاسی بیانات کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کے بقول یقیناً یہ بات اسٹیبلشمنٹ کے لیے پریشان کن ہے، ”اس کے علاوہ عمران خان بیانیہ بنانے میں بھی ماہر ہیں۔ انہوں نے جس طرح آنسو گیس کے خالی ڈبے اپنے سامنے رکھ کر بین الاقوامی میڈیا کو دکھایا، ایسا پہلے کسی سیاستدان نے نہیں کیا۔‘‘

پاکستان میں کئی سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ دو ہزار گیارہ میں جب عمران خان کی شہرت کا سورج طلوع ہونا شروع ہوا، تو اس میں آئی ایس آئی اور فوج کا ہاتھ تھا۔  یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ 2018 ء کے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کا ساتھ دیا۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف ان تمام دعوؤں کی سختی سے تردید کرتی ہے اور اس نے ہمیشہ یہ موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی نہیں چاہتے۔ پارٹی کا دعوی ہے کہ پی ڈی ایم کو جی ایچ کیو کی حمایت حاصل ہے لیکن اس کے باجود گزشتہ ایک سال میں پی ٹی آئی نے سارے ضمنی انتخابات جیتے ہیں۔عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان بڑھتا ہوا درجہ حرارت اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک میں سیاسی کشیدگی مزید بڑھے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے فوج کا دفاع  بھی اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پی ڈی ایم خان کی پارٹی کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے والی ہے۔

آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے کیلئے شرح سود مزید بڑھانے کا فیصلہ

Back to top button