گرفتاری کا دعویٰ محض ڈرامہ، اصل نیت اغوا اور قتل ہے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میری گرفتاری کا دعویٰ محض ڈرامہ ہے، اصل نیت مجھے اغوا کرنے اور قتل کرنے کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ واضح طور پر’گرفتاری‘ کا دعویٰ محض ایک ڈرامہ تھا جبکہ اصل نیت اغوا اور قتل کی ہے، آنسو گیس اور آبی توپوں کےبعد اب یہ سیدھی فائرنگ پر اتر آئے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ کل شام میں نے ضمانتی بانڈ بھی مہیا کیا مگر DIG نے وصول تک کرنے سے انکار کردیا، ان کی بدنیتی اور ناپاک عزائم میں کسی قسم کا ابہام باقی نہیں۔
عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آیا آپ کا تصورِ غیرجانبداریت یہ ہےکہ نہتے مظاہرین اور ملک کی سب سےبڑی جماعت کےقائدین، جن کے رہنما کو ایک غیرقانونی وارنٹ کاسامنا ہے ، معاملہ پہلے ہی عدالت میں ہو اور مجرموں کی حکومت اغوا کر کے ممکنہ طور پر اسے قتل کرنے کیلئے کوشاں ہو ، کہ مدِمقابل رینجرز آن کھڑے ہوں؟
اپنی ایک اور ٹوئٹ میں عمران خان نے لکھا کہ ہمارے کارکنان اور قائدین پر کل صبح سے آنسو گیس، کیمیکل ملے پانی والی توپوں اور ربڑ کی گولیوں جب کہ آج صبح سیدھی فائرنگ سے پولیس کی یلغار کے بعد رینجرز میدان میں اتار دیئے گئے ہیں جو براہِ راست عوام سے متصادم ہیں مقتدرہ کے وہ حلقے جن کا دعویٰ ہے کہ ’غیرجانبدار‘ ہیں، سےمیرا سوال ہے۔
