کیا عدلیہ میں جنرل فیض کے احتساب کی ہمت نہیں؟

سنئیر سیاسی تجزیہ کار اور مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ جسٹس شوکت صدیقی نے اپنی برطرفی پر سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کیخلاف 25اکتوبر2018ء کو عدالتِ عظمی سے رجوع کیا۔پٹیشن، ساڑھے چار برس بعد بھی ’’کچھوا پائی‘‘ سے نجات حاصل نہیں کر پائی۔ کسی بھی سماعت میں، کسی بھی مسندِ انصاف کی طرف سے یہ سوال نہیں اُٹھا کہ کیوں نہ جنرل (ر) فیض حمید کو بلا کر پوچھ لیا جائے کہ شوکت عزیز صدیقی نامی شخص سچ بول رہا ہے یا غلط بیانی کررہا ہے؟ اب تو فیض حمید اعتراف بھی کرچکے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ ہمارا ’کثیرالزاویہّ‘ انصاف اب بھی جنرل (ر) فیض حمید کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھے گاکیونکہ اُس کے سامنے اپنی ہی برادری کا ایک بے بال و پر شکار نیم جاں پڑا ہے۔

اپنے کالم میں عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ ایک ہی آئین، ایک ہی قانون اور ایک ہی ضابطہ دیوانی و فوجداری کی کسی ایک ہی شق کی ہمیں متنوع، رنگارنگ بلکہ متضاد و متصادم تعبیریں دکھائی دیتی ہیں۔ ہمارے عدل کی ایک  ادا اُسے دنیا بھر میں ممتاز بناتی ہے کہ کوئی  جج آئین و قانون کی غلط تعبیر کرے تو بھی اس کا فائدہ ایک مخصوص فریق کو ہوتا ہے اور اگر کئی برس بعد وہ اپنی غلطی کی اصلاح کرکے کسی مختلف قانونی تعبیر تک پہنچے تو بھی اس کے ثمراتِ  اُسی فریق کی جھولی میں پڑتے ہیں۔ کوئی ایسی اَڑچن آ پڑے جس کا کوئی حل آئین وقانون میں نہ ہو یا آئین و قانون ہی بھاڑ میں جھونک دئیے جائیں تو بھی ہمارا عدل بیچارگی کی بُکّل مارکر نہیں بیٹھ جاتا، وہ فی الفور اپنی زنبیل سے نظریہ ضرورت کا نسخۂِ کیمیا نکالتا اور حرام کو حلال قرار دے دیتا ہے۔

عرفان صدیقی کے  مطابق ہمارا نظامِ عدل ایک اور پہلو سے بھی دنیا بھر میں منفرد ہے۔ کبھی ایکا ایکی اِس کی رگوں میں بجلیاں سی کوندنے لگتی ہیں۔ وہ تاتاری ہرن کی طرح طرّارے بھرنے لگتا ہے تاکہ ’’انصاف‘‘ میں لمحہ بھر کی تاخیر بھی نہ ہو۔ اور کبھی نامہرباں موسمی اثرات کے باعث اِس کے لہو میں برف کی کرچیاں سی جم جاتی ہیں اور وہ کسی عمر رسیدہ، لاغر و لاچار کچھوے کی طرح رینگنے سے بھی عاجز ہوتا ہے۔ اس کی عمدہ اور تاریخی نوعیت کی مثالیں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے مقدمات کے حوالے سے ملتی ہیں۔  ایک مرتبہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے شدید عدالتی دبائو کے باعث احتساب عدالت میں ’’ملزم‘‘ کی وکالت سے معذرت کرلی تھی۔ کیوں کہ ایک دِن قبل چیف جسٹس ثاقب نثار اور شہرۂِ آفاق مانیٹرنگ جج جسٹس اعجاز الاحسن نے خواجہ صاحب کو حکم دیا تھا کہ احتساب عدالت میں کارروائی کو سمیٹا جائے بے شک ہفتہ اتوار کو بھی عدالت لگے اور روزانہ کی بنیاد پر صبح سے شام تک سماعت ہو۔ مسئلہ یہ تھا کہ انتخابات دوڑے چلے آرہے تھے اور نواز شریف کی نااہلیت کے فیصلے میں تاخیر ہو رہی تھی۔

عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی  کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل اور صدر عارف علوی کی چابک دَستی بھی انصاف کی اسی برق پائی کا نادر نمونہ تھی۔البتہ جب زخم خوردہ منصف گرتا پڑتا بارگاہ ِعدل تک پہنچا تو ’’کثیرالزاویّہ‘‘ انصاف آن واحد میں ’کچھوا پائی‘  میں ڈھل گیا۔ جسٹس صدیقی نے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کیخلاف 25 اکتوبر2018ء کو عدالتِ عظمی سے رجوع کیا۔ اسسٹنٹ رجسٹرار نے اِس پر کچھ اعتراضات لگا دیئے۔

5نومبر کو اعتراضات کیخلاف درخواست دائر کی گئی۔ ساڑھے تین ماہ بعد21 فروری 2019ء کو جسٹس عظمت سعید شیخ نے چیمبر میں درخواست سنی۔ اعتراضات رَد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پٹیشن عدالت کے سامنے لگائی جائے۔ کوئی ایک ماہ بعد 25 مارچ کو جسٹس مشیر عالم،جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے مقدمے کی پہلی سماعت کی۔ بینچ نے پٹیشن کو قابل سماعت قرار دیکر کارروائی آگے بڑھانے کا حکم جاری کیا۔ تب جسٹس گلزار احمد چیف جسٹس کی مسند پر فائز تھے۔

نامعلوم وجوہ کی بنیاد پر اُنہوں نے جسٹس مشیر عالم کو بینچ سے نکال کر اُسکی سربراہی موجودہ چیف جسٹس، عمر عطا بندیال کو سونپ دی۔ 24ستمبر 2020ء کو دوسری سماعت ہوئی اور 9 دسمبر2020 ء کو تیسری۔ 2021ء میں کچھوے نے جھرجھری سی لی۔اس سال آٹھ سماعتیں ہوئیں لیکن زیادہ وقت ایک بار پھر اِس سوال کی نذر ہوگیا کہ یہ درخواست قابلِ سماعت بھی ہے یانہیں؟جسٹس عمرعطا بندیال کے چیف جسٹس بننے کے بعد، دسمبر 2021ء سے اب تک پانچ تاریخیں پڑیں۔ آخری سماعت 13 جون 2022ء کو ہوئی۔ جسٹس صدیقی کے وکیل، حامد خان نے کہا کہ مجھے صرف پندرہ منٹ اور چاہئیں۔ اس کے بعد آپ بھلے اٹارنی جنرل کو سن کر فیصلہ صادر کردیں۔ سماعت ملتوی ہوگئی۔ اس بات کو اب نو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔ اس دوران بینچ کے دو ارکان جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس سجاد علی شاہ ریٹائر ہوکر گھروں کو جاچکے ہیں۔ جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے حصولِ انصاف کی خاطر جلد سماعت کی بائیس درخواستیں دیں۔ مختلف چیف جسٹس صاحبان کے نام دَرد میں ڈوبے بارہ خطوط لکھے۔ لیکن اکتوبر2018 ء سے سفر کا آغاز کرنے والی پٹیشن، ساڑھے چار برس بعد بھی ’’کچھوا پائی‘‘سے نجات حاصل نہیں کر پائی۔

آخر میں عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ ہمارا ’کثیرالزاویہّ‘انصاف، دنیا کے عدالتی نظاموں کی طرح اندھا نہیں ہوتا۔ وہ ماشاء اللہ ’’دیدۂِ بینا‘‘ رکھتا ہے بلکہ اس کے تو پور پور.میں کئی کئی آنکھیں ہوتی ہیں۔ فیصلہ دیکھ بھال کر اور ناپ تول کر کرتا ہے۔

زمان پارک کو پولیس نے گھیر لیا، عمران خان کی گرفتاری متوقع

Back to top button