قومی اسمبلی کے بعدپنجاب اسمبلی بھی توڑے جانے کا امکان

وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائس پرقومی اسمبلی کی تحلیل کے بعداب پنجاب اسمبلی بھی توڑے جانے کا امکان ہے اور اس حوالے وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب آج وزیر اعظم عمران خاں سے ملاقات کریں گے اور موجودہ سیاسی صورت حال پر آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق رہنمائی لیں گے۔حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب اسمبلی توڑے جانےکا امکان ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم کی قانونی ٹیم گورنر پنجاب کو رہنمائی فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی سفارش پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔

بعد ازاں صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت نگراں وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان کو بطور وزیراعظم کام جاری رکھنے کا اعلامیہ بھی جاری کیا۔

دوسری طرف عثمان بزدار کے بطور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کام جاری رکھنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں محمود الرشید کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے، وزیراعظم سے ملاقات میں پنجاب کے سیاسی بحران سے نمٹنےکے لیے مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔

عمران خان وزیراعظم نہیں رہے ، نوٹیفکیشن جاری

ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان بزدار اور میاں محمود الرشید وزیراعظم کو پنجاب میں نمبر گیم پر بریف کریں گے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار کو گورنر پنجاب بطور نگراں وزیراعلیٰ فرائض سنبھالنے کا کہہ سکتے ہیں۔

Back to top button