پرویز الٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی بلوچستان سے گرفتار

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی کو بلوچستان سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا ہے جس کے بعد ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے محمد خان بھٹی کو کوئٹہ سے اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر لاہور لانے کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے دست راست محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن میں 80 کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج ہے۔ محمد خان بھٹی کے خلاف تقرر اور تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصولی کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمہ میں سی اینڈ ڈبلیو کے ایکسین رانا اقبال کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے، گرفتار ملزم رانا اقبال محمد خان بھٹی کے خلاف عدالت میں اعترافی بیان بھی ریکارڈ کرواچکے ہیں۔
