پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاری کيلئےپولیس کےچھاپے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک میں رہائش گاہ کے باہر ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست تیار کرلی اور کارکنان کی پکڑ دھکڑ شروع کردی جبکہ زمان پارک میں گرینڈ آپریشن کا بھی امکان ہے جس کی تیاری شروع کردی گئی۔
پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے گردگھیراتنگ کردیا۔کارکنان کی گرفتاری کيلئےلاہورمیں پولیس کےچھاپے جاری ہیں۔
پولیس نے مسرت چیمہ اورشفقت محمود کے گھر بھی چھاپا مارا،متعدد کارکنان و لیڈران گھروں میں موجود نہیں تھے۔
قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں 30 سے زائد کنٹینرز موجود ہیں۔
لاہورزمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان کثیرتعداد میں موجود ہے۔پریزن وینز بھی تیار کھڑی ہیں،پولیس آپریشن کسی بھی وقت متوقع ہے۔
پی ٹی آئی کے 100 سے زائد رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے لیے لسٹیں تیار ہیں۔ حکومت کے زرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے یہ عہدیدار اور کارکن ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں۔ فہرست میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، حماد اظہر اور پنجاب کی صدر یاسمین راشد سمیت دیگر کے نام ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہنما ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کی حوصلہ افزائی اور پارٹی کو فنانسنگ فراہم کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فہرستوں میں مطلوبہ افراد کے تمام کوائف موجود ہیں، مطلوب کارکنان کو اے اور بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ جس کے تحت اے کیٹگری والوں کو پہلے گرفتار کیا جائے گا۔
اُدھر لاہور پولیس نے فہرست جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔ جس کی سربراہی اور نگرانی ڈویژنل ایس پی کررہے ہیں۔ آخری اطلاع کے مطابق پولیس نے متعدد افراد کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں مگر پولیس نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
پولیس افسران کو ایک بار پھر پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کے خلاف دوبارہ بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد سابق چئیرمین اوورسیز پاکستانی کمشن ڈسٹرکٹ لاہور علی نوید بھٹی کے گھر اسلام پورہ میں چھاپہ مارا گیا جبکہ گلشن راوی میں سابق ناظم سعید خان کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مارا۔ علاوہ ازیں رائیونڈ کے علاقے سے پی ٹی آئی رہنما فیصل الہی گرفتار کیا گیا۔
پنجاب پولیس کے اعلیٰ عہدیداران نے تمام فیلڈ افسران کو پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے زمان پارک میں ایک بار پھر آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ پولیس حکام نے نام نہ لینے کی شرط پر بتایا کہ زمان پارک میں گرینڈ آپریشن علی الصبح کیے جانے کا امکان ہے، جس کے لیے مختلف ڈویژنز کی نفری کو صبح تین بجے تھانوں میں پہنچنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ اس حوالے سے پیغام وائرلیس پر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ صبح تین بجے نہ پہنچنے والے افسران و اہلکار اپنے آپ کو معطل سمجھیں، تھانوں میں پہنچنے پر افسران بریفنگ دیں گے۔ گرینڈ آپریشن کے اپیش نظر پولیس نے کنٹینروں کی پکڑ دھکڑ بھی شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز درج مقدمات کے تحت یہ آپریشن کیا جائے گا۔
