صوفی محمد کا دست راست، دیگر دہشتگرد زمان پارک میں موجود

وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے انکشاف کیا ہے کہ زمان پارک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں، عامر میر نے بتایا کہ سوات آپریشن میں فوج سے لڑنے والے صوفی محمد کا دست راست بھی زمان پارک میں موجود ہے۔

عامر میر نے جمعرات کو آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی زمان پارک موجود ہیں جبکہ ان میں صوفی محمد کا ایک رشتہ دار بھی شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ مذکورہ دہشت گرد کا تعلق تحریک نفاذ شر یعت محمدی سے ہے اور یہ اپنی کارستانیوں پر آٹھ سال جیل بھی کاٹ چکا ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ان کی عدالت میں پیشی ہے اس کے بعد آپریشن کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

عمران خان کی گرفتاری کے لیے زمان پارک کے محاصرے کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے بتایا کہ وہاں عمران خان کی حفاظت پر مامور گلگت بلتستان  فورس کی جانب سے کوئی گولی نہیں چلائی گئی اور نہ ہی کوئی دو پولیس فورسز ایک دوسرے کے سامنے آئیں۔

پنجاب پولیس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے قانون کو اپنا راستہ بنانے کا کہا ہے اور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سو فیصد عمل ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جو لوگ آئیں گے ان سے بات چیت ہوگی۔

دریں اثنا پنجاب پولیس نے مال روڈ سے زمان پارک جانے والے راستے سے کینٹر ہٹا کر بیریئرز لگا دیے اور وہاں پولیس اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔

پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو پی ایس ایل سے باہر کر دیا

Back to top button