توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف عمران خان کی درخواست غیر مؤثر قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک ا نصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ منسوخ کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست غیرموثر قرار دیدی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس میں سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے کی۔
عدالت نے عمران خان کے وارنٹ منسوخ کرنے کے سیشن عدالت کے فیصلےکے خلاف درخواست غیرمؤثر قرار دے دی۔
عدالت نے عمران خان کی حاضری کی فائل گم ہونےسے متعلق آئی جی اور ٹرائل کورٹ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حاضری فائل گمشدگی سے متعلق 10روز میں رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے کیس کی سماعت7اپریل تک ملتوی کردی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں وارنٹ منسوخی کا سیشن کورٹ کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو سیشن عدالت نے عدم پیشی پر عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عدالت نے اسلام آباد پولیس کو احکامات جاری کیے تھے کہ عمران خان کو گرفتار کرکےعدالت میں پیشی یقینی بنایا جائے، فیصلے کے خلاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
