تمباکو نوشی سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھنےکاخدشہ

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمباکو نوشی سے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
سی آئی ایم ایچ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے دوران جرمن نیشنل کوہورٹ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا ہے۔
تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ روزانہ سگریٹ پیتے ہیں ان کے ڈپریشن کا شکار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے لیکن اگر وہ لوگ تمباکو نوشی سے گریز کرنا شروع کر دیں تو ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ دوبارہ کم ہوجاتا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت نے تمباکو نوشی کو پہلے ہی دنیا بھر میں قبل از وقت ہونے والی اموات کی سب سے بڑی وجہ تسلیم کر لیا ہے کیونکہ یہ ہر سال تقریباََ 8 ملین سے زائد اموات کی ذمے دار ہے۔
اگرچہ اب تک کئی سائنسی تحقیقات کے نتائج میں تمباکو نوشی کی وجہ سے انسان کے دماغی صحت کے مسائل میں مبتلا ہونے کے امکانات سامنے آئے ہیں لیکن اس کے پیچھے موجود حیاتیاتی اور سماجی طریقہ کار ابھی تک واضح نہیں ہوا۔
