سوشل میڈیا کے جہادی عمران خان کی رہائی نہیں چاہتے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت، رشتے دار اور سوشل میڈیا کے جہادی عمران خان کی رہائی نہیں چاہتے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے اندر ہونے کی وجہ سے ہی ان سب کی دکانداری چل رہی ہے۔یہ لوگ کبھی بھی اپنی دکانیں بند نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کررہی ہے، جبکہ پارلیمنٹ کے اندر پارلیمنٹیرینز نے دھرنا دے رکھا ہے۔
پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ عمران خان کی صحت کے پیش نظر ہمیں بانی تک رسائی دی جائے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے احکامات پر سرکاری ڈاکٹروں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کا معائنہ کیا، جس کے بعد کہا گیا کہ عمران خان کی بینائی میں بہتری آئی ہے۔
ادھر عمران خان کی بہنوں نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ عمران خان کی آنکھ ٹھیک نہیں، اور انہوں نے پیغام بھیجا ہے کہ بہنوں کو کہو کہ میرے لیے آواز اٹھائیں۔
عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے انکشاف کیاکہ بانی پی ٹی آئی نے آخری ملاقات میں مجھے بتایا تھا کہ یہ لوگ مجھے مار دیں گے، لیکن تب مجھے یہ بات کرنے کی ہمت نہیں ہوئی۔
