عمران خان سےملاقات نہ ہونےپرسہیل آفریدی کافیکٹری ناکہ پردھرنا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر آج رات فیکٹری ناکے پر دھرنے کا اعلان کردیا۔

سہیل آفریدی کاکہنا ہے کہ عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا طبی دہشت گردی ہے، ہم رات یہی گزاریں گے، اگر ملاقات نہ ہوئی تو صبح اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میرے لیڈر کو ہفتے کی رات جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، سوال یہ ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کی حالت یہاں تک کیوں پہنچی کہ انہیں اسپتال لے جانا پڑا؟ بانی کی بیماری کو کیوں چھپایا گیا؟ عمران خان کی صحت کے بارے میں ان کے اہل خانہ کو کیوں نہیں بتایا گیا؟ حالات اگر اتنے سنگین تھے تو بانی کے ذاتی معالج کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ ہفتے سے لے کر آج تک اس بات کو کیوں چھپایا گیا اس کے پیچھے کیا مقاصد ہیں؟

سہیل آفریدی ںے کہا کہ بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق کیا گیا یے، بانی کی زندگی کے ساتھ مذاق یہ قوم برداشت نہیں کرے گی، ضروری ہے کہ حالات کو مزید سنگینی سے بچانے کے لیے عمران خان کے اہل خانہ، پارٹی اور وکلا کی ملاقات کرائی جائے، عمران خان کو ناحق قید میں رکھا گیا، بانی پر ایک قاتلانہ حملہ ہوچکا ہے عمران خان کی خرابی صحت کو چھپانا میڈیکل ٹیررازم ہے، ہر انسان کا بنیادی حق ہے وہ اپنے ذاتی معالج سے علاج کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو بھگوڑا لندن بھاگ گیا تھا جس کے جعلی طریقے سے پلیٹ لیٹس گرے تھے اس کے لیے پوری دنیا سر پر اٹھائی گئی،میڈیا کو عمران خان کی صحت پر آواز اٹھانی چاہیے، میں بانی کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہوں، بانی کی صحت کے حوالے سے پوری قوم غصے میں ہے، جس طرح ایک تصدیق شدہ چور کے لیے آواز اٹھائی گئی اسی طرح بانی کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے۔

سہیل آفریدی نے عمران خان کو جیل سے باہر لانے اور واپس سے متعلق فیکٹری ناکے پر موجود ایس ایچ او سے کہا کہ یہ جو آپ لوگ چوری چوری چپکے چپکے قوم کے لیڈر کو باہر لے کر جاتے ہیں، کسی کو پتا بھی نہیں چلتا اس چوری کی اب کیا پوزیشن ہے؟

Back to top button