سہیل آفریدی نے لاہور سے سٹریٹ موومنٹ کاآغاز کردیا

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور میں باقاعدہ سٹریٹ موومنٹ کا آغاز کر دیا۔

سہیل آفریدی نےلاہور کی گلیوں میں عمران خان کے حق میں نعرے بھی لگوائے جبکہ عوام کی جانب سے گل پاشی اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور میں دوسرا مصروف ترین دن گزارا جس کے دوران انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار میں منعقد تقریب سے خطاب کیا جبکہ حماد اظہر سمیت دیگر رہنماؤں کے گھر بھی گئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے زمان پارک میں جاکر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان سے بھی ملاقات کی۔

زمان پارک میں ملاقات کے بعد وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی بہن علیمہ خان نے مشترکہ میڈیا سے گفتگو کی اور سہیل آفریدی نے کہا کہ اج بہت خوشی ہورہی ہے زمان پارک اپنے قائد گھر آیا ہوں، ابھی خوشی ادھوری ہے کہ اکیلا آیا ہوں مگر انشا اللہ جلد میرا لیڈر بھی میرے ساتھ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ طاقت کے نشے میں اتنے پاگل  ہو چکے ہیں کہ یہ اپنے اقتدار کے لیے پاکستان کے پچاس ٹکڑے بھی کر سکتے ہیں، یہ کبھی پاکستان کے ساتھ مخلص تھے ہی نہیں یہ تو کبھی چاہتے ہی نہیں کہ مذاکرات ہوں یہ تو چاہتے ہیں جنگ جاری رہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، اتںے میں تو پراڈو بھی نہیں بکتی جتنے میں یہ پی آئی اے بیچ دی، انہوں نے جوکل ہماری بےعزتی کی اور اسے ہمارے دل و دماغ پر نقش کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ انڈیا نے کشمیر میں یہ سلوک نہیں کیا ہوگا جو کل سے یہاں ہمارے ساتھ ہورہا ہے مگر لاہوریوں نے ہمیشہ ہمیں پیار دیا کیونکہ یہ خانصاحب کا شہر ہے۔

 

Back to top button